آرمی چیف راحیل شریف کا پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ

شائع 19 اگست 2016 02:27pm

 

فائل فوٹو فائل فوٹو

راولپنڈی:آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے مٹھی بھرامن دشمنوں کو واشگاف انداز میں للکارتے ہوئے کہا ہے کہ ملک کے چپے چپے سے دہشت گردوں  اور اُنکی خفیہ پناہ گاہوں کے مکمل صفائے تک پوری قوت سے آپریشنزجاری رکھیں گے، سپہ سالار کہتے ہیں وادی راجگال کا مشکل ترین آپریشن پاک۔افغان سرحد پردہشت گردوں کی نقل و حرکت روکنے اورموثر سرحدی انتظام کیلئے پاکستانی عزم کا عکاس ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک افغان سرحد پراگلے مورچوں کا دورہ کیا، آمد پر کورکمانڈر پشاور لیفٹننٹ جنرل ہدایت الرحمن نے آرمی چیف کو خوش آمدید کہا۔

 آرمی چیف نے خیبرایجنسی میں دہشت گردوں کیخلاف برسرپیکار فوجی افسران اورجوانوں سے ملاقات کی اور آپریشن میں سیکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے اورپیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔

 آرمی چیف کو آپریشن کمانڈرنے جاری کارروائی اورحاصل کردہ کامیابیوں پرتفصیلی بریفنگ دی،اِس موقعے پرآرمی چیف نے وادی راجگال کے سنگلاخ پہاڑی سلسلے اور دشوار گزاردروں میں جاری مشکل ترین آپریشن میں دہشت گردوں اوراُن کی خفیہ پناہ گاہوں کے صفائے پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 آرمی چیف نے کہا کہ پاک۔افغان سرحد پرکارروائی دہشتگرد عناصر کی بین السرحدی نقل و حرکت کے خاتمے کیلئے پاکستانی عزم کی عکاس اور موثر سرحدی انتظام کی جانب اہم سنگ میل ہے۔

 آرمی چیف نے افغانستان سے ملحقہ سرحد پر کڑی نگرانی اوردہشت گرد عناصر کی نقل و حرکت ہر قیمت پرروکنے کی ہدایات دیں۔

آرمی چیف راحیل شریف نے افسران اور جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور فوج نے دہشت گردی کیخلاف لازوال قربانیاں دی ہیں، اور اِس عزم کا اظہار کیا کہ ملک کے چپے چپے سے دہشت گردوں، اُنکی خفیہ پناہ گاہوں اورٹھکانوں کے مکمل صفائے تک تمام ترکاوشیں پوری قوت سے جاری رکھیں گے۔