خیبرایجنسی میں فورسز کی زمینی اورفضائی کارروائی ،6دہشت گرد ہلاک

شائع 22 اگست 2016 07:40am
پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن خیبر تھری کامیابی سے جاری - فائل فوٹو پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن خیبر تھری کامیابی سے جاری - فائل فوٹو

راولپنڈی:خیبرایجنسی میں پاک افغان سرحد پر سیکیورٹی فورسز کا آپریشن خیبر تھری کامیابی سے جاری ہے، تازہ ترین زمینی وفضائی کارروائی میں 6دہشت گرد ہلاک اور 2ٹھکانے تباہ کیے گئے

آئی ایس پی آر کے مطابق ،پاک افغان سرحد پر خیبرایجنسی میں انتہائی مشکل محل وقوع میں خیبر تھری آپریشن جاری ہے۔تازہ زمینی و فضائی کارروائیاں وادی راجگال کے علاقوں ستار کلے اور نارے ناو میں کی گئیں۔

لڑاکا طیاروں نے بھرپور فضائی حملہ کیا۔ دہشت گردوں کی دو خفیہ پناہ گاہوں کو صفحہ ہستی سے مٹا دیا گیاجبکہ زمینی کارروائی کے نتیجے میں سیکیورٹی فورسز نے 6 دہشت گردوں کو واصل جہنم کردیا۔

دوسری جانب سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان اور کرم ایجنسی سے متصل ضلع ہنگومیں بھی کامیاب آپریشن کیا ہے، 10 دہشت گردوں کو  گرفتار کرکے بھاری تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا گیا۔