کوئٹہ دھماکے کے مبینہ حملہ آور کی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی
فائل فوٹوکوئٹہ:کوئٹہ دھماکے کے مبینہ حملہ آور کی فوٹیج آج نیوز نے حاصل کرلی، وکیل کے بھیس میں موجود حملہ آور صدر بلوچستان کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد اسپتال پہنچا اور کئی دیر تک وکلا کے جمع ہونے کا انتظار کرتا رہا۔ وکلا کی بڑی تعداد جمع ہونے کے بعد سفاک دہشت گرد نے دھماکا کردیا۔
کوئٹہ میں سول اسپتال دھماکے سے کچھ دیر پہلے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز منظر عام پر لے آیا،فوٹیج میں مبینہ حملہ آور کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
موت کا سوداگر وکیل کے بھیس میں وکلا کی بیچ میں ہی موجود تھا لیکن کسی کو پتہ ہی نہ چلا،دہشت گرد نے سیکیورٹی اداروں سے بچنے کیلیے وکلا کے جیسا لباس ، یعنی سفید کرتا شلوار اور کالے رنگ کا کوٹ زیب تن کررکھا تھا۔
فوٹیج کے مطابق ،پولیس اہلکار بھی اسپتال کے احاطے میں دہشت گرد کے قریب ہی موجود تھے۔وکلا کی بڑی تعداد کے جمع ہونے کے بعد میبنہ حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
دھماکے کے وقت آج نیوز کے کیمرہ مین شہزاد خان حملہ آور کے بائیں جانب اور ڈان نیوز کے کیمرہ مین محمود خان بالکل سامنے موجود تھے،شہزاد خان کے کیمرہ سے موصول ہونے والی فوٹیج میں انھیں شہادت سے پہلے کلمہ طیبہ پڑھتے سنا جاسکتا ہے۔
دھماکے کی سی سی ٹی وی فوٹیج آج نیوز کو واقعہ کے اگلے روز ہی موصول ہوگئی تھی تاہم سیکیورٹی اداروں کی جانب سے تعاون کی درخواست پرصحافتی اقدار کو مدنظر رکھتے ہوئے فوٹیج نشر نہیں کی گئی تھی۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔