ملکی سلامتی کےخلاف کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائےگا،اجلاس میں فیصلہ

شائع 23 اگست 2016 10:11am
فائل فوٹو فائل فوٹو

اسلام آباد:وزیراعظم نوازشریف کی زیرصدارت اجلاس میں فیصلہ کیاگیا ہے کہ ملکی سلامتی کے خلاف کوئی عمل برداشت نہیں کیا جائے گا۔الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان پربرطانوی حکومت کو خط لکھا جائے گا۔

وزیراعظم نواز شریف کے زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اعلی سطح اجلاس کےآغاز پر ایم کیوایم قائد کے پاکستان مخالف بیان کی شدید مذمت کی گئی ۔

وزیراعظم نے کہا کہ کراچی میں پاکستان کے خلاف اشتعال انگیز بیانات سے انہیں اور ہرپاکستانی کو ٹھیس پہنچی اور جذبات بری طرح مجروح ہوئے۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ الطاف حسین کی پاکستان مخالف تقریر کے معاملے پر برطانوی حکومت کو خط لکھا جائے گا جس میں الطاف حسین کو غداری کا ملزم قرار دیا جائے گا۔

خط وزارت داخلہ کی جانب سے لکھا جائے گا اور الطاف حسین کےخلاف کاروائی کیلئے برطانوی حکومت سے قانونی مدد طلب کی جائے گی۔

اجلاس میں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ نے نیشنل ایکشن پلان ٹاسک فورس کے اجلاس کے فیصلوں بارے بریفنگ دی اور فیصلہ کیا گیا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کیلیے صوبوں اور متعلقہ اداروں کو ٹائم فریم دیا جائے گا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کل نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہو گا،اجلاس میں اعلی سول وفوجی حکام شرکت کریں گے۔