عمران خان کا تیس اکتوبر کو احتجاج کا اعلان

شائع 06 اکتوبر 2016 12:59pm
File Photo File Photo

اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے تیس اکتوبر کو اسلام آباد میں احتجاج کا اعلان کردیا ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی سلامتی کے اجلاس میں اتحاد کا واضح پیغام دیا، اسلئے جوائنٹ سیشن مین شرکت کی ضرورت نہیں تھی ۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ نواز شریف پر جرم ثابت ہوچکا ہے اسلئے پی ٹی آئی مجرم کو وزیراعظم ماننے کیلئے تیار نہیں ہے۔

پی ٹی آئی چیف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نواز شریف کو چور اور غدار کہہ چکے ہیں لیکن انہوں نے خوشی سے نوازشریف سے ہاتھ ملایا، تاہم عمران خان ایسی منافقت نہیں کرسکتا۔ عمران خان نے سوال بھی اٹھایا کہ ان کا پیسہ باہر ،جائیداد باہر، سرمایہ باہر، یہ کیسے محب وطن ہیں۔

اس موقعے پر انہوں نے خورشید شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ خورشید شاہ سے زیادہ فرینڈلی اپوزیشن کیا ہوسکتی ہے۔انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آصف زرداری کے ہوتے ہوئے کسی کا احتساب نہیں ہوسکتا۔ عمران خان نے پی پی سے بھی مائنس ون فارمولے کا مطالبہ کردیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری اور  نواز شریف کرپشن کنگ ہیں ۔

ایل او سی پر کشیدگی سے متعلق عمران خان نے کہا کہ بارڈر پر ٹینشن ہے اور نواز شریف شاپنگ کرتے پھرر ہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مودی کو نواز شریف نے غلط سگنل دیا کیونکہ مودی سرکار پاکستان کو تنہا کررہی تھی اور یہ بھارت سے دوستی کرنا چاہتے تھے۔