واقعہ کربلا انسانیت کیلئے مشعل راہ ہے، شہباز شریف

شائع 12 اکتوبر 2016 02:14pm
File Photo File Photo

لاہور:وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نواسہ رسول نے کربلا میں بہادری کی ایسی داستان رقم کی جس پر انسانیت ہمیشہ فخر کرتی رہے گی،واقعہ کربلا ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

لاہور سے جاری ایک پیغام میں وزیراعلٰی پنجاب شہباز شریف کا یوم عاشور کے موقع پر کہنا ہے کہ حضرت امام حسین نے حق کی خاطر جانوں کا نذرانہ پیش کر کے ایسی مثال قائم کی  جسے دنیا ہمیشہ یاد رکھے گی،نواسہ رسول اور انکے ساتھیوں کی میدان کربلا میں دی گئی قربانیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔

 وزیر اعلٰی نے کہا واقعہ کربلا آج بھی ہمیں ایثار ، قربانی اور صبر تحمل کا درس دیتا ہے، یوم عاشور حق و انصاف کیلیے استقامت کا بہت بڑا سبق ہے جو امت مسلمہ کو حق کی سر بلندی کیلیے بڑی سے بڑی قربانی کا پیغام دیتا ہے۔

 شہباز شریف کا مزید کہنا تھا معاشرے میں اخوت اور برداشت کے جذبات کو فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے حضرت امام حسین کی تعلیمات  اور افکار پر عمل کر کے پر امن معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔