پی پی ریلی:لیاری کے عوام دو دھڑوں میں تقسیم

شائع 15 اکتوبر 2016 10:21am

فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:اتوار کو نکالی جانے والی پیپلز پارٹی کی ریلی پر لیاری کے عوام دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئے۔

شہیدمحترمہ بے نظیر اورذولفقار علی بھٹو  کے چاہنے والے کل بلاول  کی ریلی میں شریک ہوں گے،دوسری جانب پیپلز پارٹی کی موجودہ قیادت سے نالاں لیاری والوں کو ریلی سے کوئی سروکار نہیں۔

شہدائے سانحہ کارساز کی یاد میں پیپلز پارٹی کل ریلی کا انعقاد کر رہی ہے، مگر پیپلز پارٹی کے گڑھ کہے جانے والے لیاری میں کچھ خاص گہما گہمی دکھائی نہیں دے رہی۔

استقبالی کیمپس ویران پڑے ہیں اور کارکنان غائب ہیں ،  پیپلز پارٹی کے موجودہ حکمرانوں سے ناراض لیاری والوں کا کہنا ہے کہ شہداءکی یاد میں ریلی منعقد کرنے والوں نے لیاری کے عوام کو کچھ نہیں دیا،لہٰذا ہم ریلی میں شرکت نہیں کریں گے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی کے گڑھ لیاری میں محترمہ اور ذولفقار علی بھٹو کے چاہنے والوں کی بھی کوئی کمی نہیں، جو ان دونوں شخصیات سے اپنی بےلوث محبت کے اظہار کے لئے ان کے فرزند بلاول کی ریلی میں شامل ہونے کا عزم رکھتے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے بانیوں سے بے غرض محبت رکھنے والے لیاری والوں کا مطالبہ ہے کہ موجودہ حکمران ان کی قربانیوں کے صلے میں علاقے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فوری اقدامات کریں۔