نواز شریف کے  وزرارت عظمیٰ سے استعفے تک دھرنے کا اعلان

شائع 15 اکتوبر 2016 03:42pm
File Photo File Photo

لاہور:تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ایک مرتبہ پھروزیراعظم نوازشریف کے استعفے تک اسلام آباد میں دھرنا دینے کا اعلان کردیا ۔

لاہور میں انصاف پروفیشنل فورم سے خطاب میں عمران خان نے اپیل کی کہ ملک بھر سے لوگ اسلام آباد دھرنے میں شرکت کریں،عوام باہر نہیں نکلیں گے تو ملک تباہی کی طرف چلا جائے گا۔

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ خورشید شاہ اور نواز شریف نے مل کر نیب میں اپنا ادمی لگوایا تا کہ کرپشن چھپائی جا سکے ۔ انہوں نے احتجاج سے جمہوریت کو خطرہ کہنے والوں کو اسٹیٹس کو کا حامی قرار دیا۔

کپتان کا کہنا تھا کہ لوگ ان کے احتجاج کو ملک میں جمہویت کیلئے خطرہ قرار دیتے ہیں،ایسے عناصر اسٹیٹس کو کے حامی ہیں۔

اس سے قبل لاہور ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ  اس بار ریڈ زون کی طرز پر دھرنا نہیں ہوگا بلکہ اسلام آباد کے تمام سرکاری دفاتر کو جانیوالے راستے بلاک کردئیے جائیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اگر وزیراعظم نوازشریف چور نہیں ہیں تو وہ تلاشی دینے اور احتساب کیلئے پیش ہونے سے کیوں گھبراتے ہیں،جو اپوزیشن جماعتیں احتجاج کا ساتھ نہیں دے رہیں وہ کرپشن میں وزیراعظم کی حصہ دار ہیں۔