الطاف حسین کا کام لوگوں کو بندوق سے ڈرانا ہے، مصطفی کمال

شائع 17 اکتوبر 2016 01:23pm
File Photo File Photo

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بانی ایم کیوایم کا کام لوگوں کوبندوق سے ڈراناہےاور الطاف حسین کے کالے کرتوتوں سے گورنر سندھ عشرت العباد سب سے زیادہ واقف ہیں۔

پریس کانفرنس کے دوران مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ فاروق ستار پہلے بھی  چار بار معافی مانگ چکے ہیں اوربانی ایم کیوایم کے کالے کرتوتوں کا سب سے زیادہ علم عشرت العباد کوہے۔  اس موقعے پر انہوں نے عشرت العباد کوگرفتار کرکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ کئی حلقوں میں عشرت العباد ، رشوت العباد کے نام سے جانے جاتے ہیں ۔

 انہوں نے مزید الزام عائد کیا کہ عشرت العباد کے لیے پیسا سب کچھ ہے ، وہ  پچاس ہزار بھی نہیں چھوڑتا۔ مصظفی کمال نے مزید دعویٰ کیا کہ عشر ت العباد بانی ایم کیو ایم اور فاروق ستار سے رابطے میں ہیں  اور پاک سرزمین پارٹی کیخلاف لوگوں کی سوچ خراب کرنے والا گورنر سندھ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گورنر سندھ نے لوگوں کو ہمارے پاس آنے سے روکا ہے ، رہنما پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ عشرت العباد نے کراچی ، ابوظبی ، کینیڈا میں اسٹاف کے نام پر جائیدادیں خریدیں،گورنر سندھ کو دو نمبرآدمی چاہئیں کیونکہ وہ خود دو نمبر انسان ہیں۔