گورنر سندھ ،مصطفی کمال میں لفظی جنگ پر سندھ اسمبلی میں تحریک التواءجمع
فائل فوٹوکراچی:تحریک انصاف نے گورنر سندھ اور مصطفی کمال کے درمیان الزام تراشی کی تحقیقات سے متعلق سندھ اسمبلی میں تحریک التوا ءجمع کرادی۔
خرم شیر زمان نے مطالبہ کیا ہے کہ سندھ حکومت الزامات کی تحقیقات کے لیے عدالتی کمیشن قائم کرے ۔
سندھ اسمبلی میں تحریک التوا ءجمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف خرم شیر زمان کا کہنا تھا کہ کراچی میں بھتہ خوری سے متاثر اور دہشت گردی کا شکار ہونے والے افراد کے لواحقین حقائق جاننا چاہتے ہیں، اسمبلی میں اس حوالے سے بحث کرائی جائے ، حکومت سندھ نے توجہ نہ دی تو عدالت جائیں گے۔
خرم شیرزماں کا کہنا تھا کہ عزیر آباد سے ملنے والے اسلحے ، سانحہ نشتر پارک اور کرپشن کے الزامات کی تحقیقات عوامی مطالبہ ہیں ۔
دہشت گردی سے متاثرہ افراد کو انصاف کی فراہمی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ، گورنر سندھ اور سابق ناظم کراچی کو کٹہرے میں لایا جائے ۔
رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ گورنر وفاق کا نمائندہ ہے ، ان پر لگنے والے الزامات کی وفاقی حکومت بھی ذمہ دار ہے ۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔