لاہورکے پٹرول پمپ خطرے میں۔۔
لاہور:اورنج لائن ٹرین منصوبے کی راہ میں آنے والے سولہ پٹرول پمپ گرائے جانے کا خدشہ ہے،متاثر ہونے والے پٹرول پمپ مالکان نے پنجاب حکومت سے متبادل جگہ کی فراہمی سمیت مالی نقصان پورا کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا اورنج لائن ٹرین منصوبے کا خواب راستے میں آنے والے سولہ پٹرول پمپ گرائے بغیر شرمندہ تعبیر نہیں ہو پائے گا۔ پٹرول پمپ مالکان اور پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے حکومت پنجاب سے متبادل جگہ کی فراہمی اور دیگر نقصان پورا کرنے کی اپیل کی ہے۔
پٹرولیم ڈیلرز و مالکان کا مزید کہنا ہے کہ میٹرو بس منصوبے کی وجہ سے اکیس پمپ گرائے گئے تھے مگر سب کے نقصان کی تلافی نہیں کی گئی۔
اسی طرح ملتان روڈ اور جیل روڈ کی توسیع کے باعث گرائے جانیوالے سترہ پٹرول پمپوں کے نقصان کا ازالہ بھی نہیں کیا گیا،متاثرین داد رسی کیلئے ابھی تک سرکاری دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔
پاکستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے پنجاب حکومت کو تجویز دی ہے کہ وہ متاثرین کو متبادل جگہ کے ساتھ ان کے نقصان کو مدنظر رکھتے ہوئے معقول رقم بھی ادا کرے۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔