اسرائیلی آئرن ڈوم نے یو اے ای میں ایرانی میزائلوں کا راستہ روکا: امریکی میڈیا
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موجود اسرائیلی آئرن ڈوم سسٹم نے ایرانی میزائل حملے کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اسرائیل نے جنگ کے آغاز پر خفیہ طور پر اپنا دفاعی نظام امارات میں نصب کیا تھا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ نے باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ کیا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں نصب اسرائیلی فضائی دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ نے پیر کے روز ایران کی جانب سے داغے گئے مبینہ میزائل حملوں کو روکنے میں اہم کردار ادا کیا۔
سی این این کے مطابق اسرائیل نے ایران کے ساتھ کشیدگی کے آغاز کے بعد خفیہ طور پر اپنا جدید دفاعی نظام ’آئرن ڈوم‘ اور اس کو چلانے کے لیے فوجی اہلکار متحدہ عرب امارات میں تعینات کیے تھے۔ اس اقدام کا مقصد خلیجی ریاست کے فضائی دفاعی نظام کو مضبوط بنانا اور ممکنہ میزائل حملوں کا فوری جواب دینا تھا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حملے کے دوران متحدہ عرب امارات کے فضائی دفاعی نظام کے ساتھ ساتھ آئرن ڈوم بھی فعال رہا اور مختلف دفاعی نظاموں نے مشترکہ طور پر آنے والے خطرات کو روکنے کی کوشش کی۔
تاہم امریکی میڈیا کے مطابق یہ واضح نہیں ہو سکا کہ ایران کی جانب سے داغے گئے تین مبینہ میزائلوں میں سے کتنے میزائل براہِ راست اسرائیلی آئرن ڈوم سسٹم نے تباہ کیے اور کتنے دیگر دفاعی نظاموں کے ذریعے روکے گئے۔
واضح رہے کہ پیر کے روز متحدہ عرب امارات نے ایران کی جانب سے چارمیزائل داغے جانے کا دعویٰ کیا تھا، یواے ای کی وزارت دفاع کے مطابق ایران کی جانب سے داغے گئے تین میزائلوں کو تباہ کرکے سمندرمیں گرایا گیا، فجیرہ میڈیا آفس کے مطابق پیٹرولیم انڈسٹریل سائٹ پربھی ڈرون سے حملہ کیا گیا۔
حملے کے بعد آئل تنصیبات میں آگ بھڑک اٹھی، حملے میں تین بھارتی شہری زخمی ہوگئے، واقعے کے بعد دبئی اور شارجہ کے درمیان فلائٹ آپریشن معطل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق فضائی دفاعی نظام میزائلوں کو روکنے میں مصروف ہے، جس کے بعد مختلف علاقوں میں دھماکے سنے جا رہے ہیں۔













