وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے

شائع 09 مارچ 2016 04:57pm

army-chief

ریاض:وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف فوجی مشقوں میں شرکت کے لیے تین روزہ دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے۔نارتھ تھنڈر فوجی مشقوں میں اکیس ممالک کے فوجی دستے حصہ لے رہے ہیں۔

وزیراعظم نوازشریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا شاہ سعود ایئرپورٹ پر سعودی حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔وزیراعظم نوازشریف سعودی فرما نروا شاہ سلمان کی دعوت پر سعودی عرب پہنچے ہیں، وہ تین روز تک یہاں قیام کریں گے۔دورے کے دوران وزیراعظم اور آرمی چیف نارتھ تھنڈر فوجی مشقوں میں شرکت کریں گے،جس میں پاکستان اور پانچ خلیجی ممالک سمیت اکیس ملکوں کے فوجی دستے حصہ لے رہے ہیں۔

سعودی فرما رواں شاہ سلمان نے مشقوں کا معائنہ کیا اور فوجیوں سے ملاقات کی۔نارتھ تھنڈر کے نام سے شروع ہونے والی مشقیں اسلامی فوجی اتحاد اور خطے کی تاریخ کی سب سے بڑی مشقیں ہیں۔ان مشقوں کا ایک بنیادی مقصد خطے کے استحکام ، امن کے قیام سمیت دیگر عسکریت پسند گروپوں سے نمٹنے کے لیے متحد ہو کر موٴثر کارروائیاں کرنا ہے۔