ملک بھرمیں بارشیں،مختلف حادثات میں8 افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 11 مارچ 2016 12:09pm

rain-&-roof-ho

کوئٹہ:ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،بلوچستان میں طویل عرصے بعد ابر رحمت انتظا میہ کی غفلت کے باعث زحمت بن گئی ہے، مختلف شہروں میں بارش کے باعث چھتیں گرنے اور ٹریفک حادثات میں آٹھ افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے ۔

بارش برسانے والا سسٹم تاحال ملک کے بیشتر حصوں پر موجود ہے گزشتہ روز کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں موسلادھاربارش ہوئی یہ سلسلہ دوسرے روزبھی جاری ہے،ژوب میں شیرانی کے علاقے شناپونگہ میں بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہوگئے۔

کوئٹہ میں سریاب کے علاقوں ماسٹر کالونی، نیو مسلم آباد میں زمین بیٹھنے سے کچے مکانات میں دراڑیں پڑگئیں جبکہ دیگر علاقوں میں کچے مکانات کی دیواریں اور چھتیں گرنے کے واقعات پیش آئے،کوئٹہ میں صورتحال کو مانیٹر کرنے کیلئے ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے بلوچستان میں سب سے زیادہ بارش دالبندین میں بیالیس ملی میٹر ریکارڈ کی گئی۔

خضدار،پشین،جھل مگسی،چمن،ڈیرہ مراد جمالی،نوکنڈی،نوشکی،زیارت،آواران،قلعہ سیف اللہ میں بھی طویل عرصے بعد بارش ہوئی جس سے خشک سالی کا خاتمہ ہوگیا اور لوگوں کے چہرے کھل اٹھے ،خیبر پختونخوا میں پشاور مردان صوابی مانسہرہ ، ایبٹ ا باد، ہری پور، سوات سیدو شریف اورما لم جبہ میں گزشتہ رات سے کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے نے ریڈ الرٹ جاری کر تے ہو ئے تمام اضلاع کے کمشنرز کو حفاظتی قدامات کر نے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ راولپنڈی،اسلام میں تیزہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی، موسم سہانا ہوگیا اور ہر شے نکھر گئی ،بارش اور پھسلن کے باعث اسلام آباد میں مری روڈ پر وین اور آئل ٹینکر میں تصادم سے تین افراد جاں بحق اورچار زخمی ہوگئے۔

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد جاتی سردی لوٹ آئی ،جھنگ،سیالکوٹ،فیصل آباد،شیخوپورہ،ملکوا ل، منڈی بہاوٴالدین، ملتان،مظفر گڑھ اور بھکر سمیت مختلف علاقوں میں ٹھنڈی ہواوٴں کے ساتھ بارش ہوئی،ندی نالوں میں طغیانی کے خطرے کے باعث پنجاب میں بھی ایمرجنسی سنٹر اور کنٹرول روم قائم کردیئے گئے ہیں،سندھ کے بیشتر علاقوں میں مطلع آبر الود ہے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کہیں کہیں ہلکی بارش کے امکانات ہیں۔

[video poster="https://i.aaj.tv/wp-content/uploads/2016/03/AIRED-AS-COMPILE-NEWS-1214_x264-mp4-image.png" width="700" height="400" mp4="https://i.aaj.tv/wp-content/uploads/2016/03/AIRED-AS-COMPILE-NEWS-1214_x264.mp4"][/video]