کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب میں 22ویں روز بھی لاک ڈاؤن
فائل فوٹولاہور:کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے پنجاب میں 22ویں روز بھی لاک ڈاؤن جاری ہے،مارکیٹیں بند ہونے کے باوجود سڑکوں پر شہریوں کا رش کم نہیں ہو پا رہا۔
ملک بھر کی طرح پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے حملے کو روکنے کیلئے آج بھی لاک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے۔
مارکیٹیں، دکانیں، پارکس اور سکول بند ہیں لیکن اس کے باوجود لوگ سڑکوں پر نظر آرہے ہیں،مختلف شاہراہوں پر ٹریفک پولیس کی جانب سے چالان بھی کئے جا رہے ہیں۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ لاک ڈاون عوام کی بہتری کیلئے ہے، اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جانا چاہیئے، لاک ڈاؤن کے ساتھ ساتھ عوام کے مسائل کے تدارک کیلئے فوری اقدامات کی بھی ضرورت ہے۔
لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والے شہری کہتے ہیں کہ وہ راشن تقسیم کرنے والوں کو ڈھونڈ رہے ہیں یا گھر کا چولہا جلانے کے لیے نکلے ہیں۔
صوبے بھر میں لاک ڈاؤن تو جاری ہے لیکن شاہراہوں پر عوام کا رش دیکھ کر ان کی غیرسنجیدگی کا اندازہ بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔
پنجاب میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 2826 تک پہنچ گئی
دوسری جانب پنجاب میں کورونا وائرس کے وار تیزی سے جاری ہیں،صوبے بھر میں متاثرہ افراد کی تعداد 2826 تک پہنچ گئی،پنجاب میں کورونا وائرس کے شکار 24 افراد جاں بحق جبکہ 508 صحت یاب ہوچکے ہیں۔
محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر کے ترجمان کے مطابق پنجاب میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2826 ہوگئی،701 زائرین سنٹرز، 977 رائیونڈ سے منسلک افراد، 89 قیدیوں اور 1059 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی۔
سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 458 تصدیق شدہ مریض ہیں،ننکانہ صاحب 16، قصور 9، شیخوپورہ 10، راولپنڈی 85، جہلم 33، اٹک 1،چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 30، ناروال 8 جبکہ گجرات میں 138 شہریوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
ترجمان کے مطابق حافظ آباد میں 12، منڈی بہاؤالدین 9، ملتان 23، خانیوال 2، وہاڑی 35، فیصل آباد 31، چینیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 42، سرگودھا میں 14 شہریوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔
میانوالی 11، خوشاب 4، بہاولنگر 5، بہاولپور 6، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ، اوکاڑہ اور پاکپتن میں ایک ایک کنفرم مریض ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔