ملک کے مختلف علاقوں میں بارش ،اکتیس جاں بحق

اپ ڈیٹ 14 مارچ 2016 06:08am

Islamabad-rain1

اسلام آباد :ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے، ابر رحمت کئی جگہ زحمت بن گئے مختلف حادثات میں اکتیس افراد جاں بحق اور کئی مکانات منہدم ہوگئے، گہرے بادلوں اور پہاڑیوں کی چوٹیوں پر جمی برف کے نظاروں نے سردی کو بھی جانے سے روک لیا ہے۔موسمیاتی تبدیلی نے اثر دکھانا شروع کردیا ہے۔

ملک کے بالائی علاقوں سمیت کشمیر،اسلام آباد،بالائی پنجاب میں بارش کا سلسلہ وقفے سے جاری ہے،بالائی خیبرپختونخوا، بالائی فاٹا اورگلگت بلتستان اور پشاور میں بھی رم جھم تھمنے کا نام نہیں لے رہی۔این ڈی ایم اے کے مطابق بارش سے ہونے والے حادثات کے نتیجے میں اب تک اکتیس افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ان حادثات میں سینتیس افراد زخمی ہوئے جبکہ ترپن مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔غدر کے پہاڑوں کی چوٹی پر جمی یہ برف بھی موسم کے تیوروں کا پتہ دے رہی ہے۔

سوات میں بھی بارش نے جل تھل کردیا۔موسم کی اس ادا پر شہری پریشان تو کہیں خوش نظر آتے ہیں۔حافظ آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔گوجر خان میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور دو بچے جاں بحق ہوگئے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کشمیر اور ہزارہ میں لینڈ سلا ئیڈنگ کے خطرے کی نشاندہی کردی ہے۔آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کشمیر،اسلام ایباد، بالائی پنجاب،بالائی خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے۔