این اے 153 میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز

شائع 15 مارچ 2016 09:10am

elec-campain-153

اسلام آباد:قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو تریپن میں ضمنی الیکشن کی انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے،تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی کے بعد مسلم لیگ نون بھی آج ملتان میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی۔

ملتان میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے ایک سو تریپن میں ضمنی انتخابات سترہ مارچ کو ہوں گے،جس کیلئے الیکشن کمیشن کا شکایا ت سیل بھی قائم کردیا گیا ہے،انتخابی سامان جلال پور پیر والا کے پولنگ اسٹیشنوں پر پہنچایا جا رہا ہے،امیدواروں کی جانب سے جاری انتخابی مہم آج رات بارہ بجے ختم ہوجائے گی۔

این اے ایک سو تریپن میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے،جبکہ رانا قاسم مسلم لیگ نون،غلام آباد خاکی پی ٹی آئی،اکرم کنہوں پیپلزپارٹی کے امیدوار ہیں،عام انتخابات میں اس حلقے سے دیوان عاشق حسین بخاری مسلم لیگ نون کے ٹکٹ سے منتخب ہوئے تھے،جو بعد میں جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دیدیئے گئے۔

حلقے میں انتخابی مہم کیلئے مسلم لیگ نون کے مرکزی رہنما حمزہ شہباز آج مشتاق اسٹیڈیم میں جلسے سے خطاب کریں گے۔