منی لانڈرنگ کیس ،سرفراز مرچنٹ کو بیان ریکارڈ کیلئے نیا سمن

شائع 15 مارچ 2016 06:35pm

sarfaraz_image

اسلام آباد:منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سرفراز مرچنٹ کو پاکستان آکر اپنا بیان ریکارڈ کروانے کیلئے نیا سمن موصول ہوگیا، ایف آئی اے کے ڈائریکٹر انعام غنی کی جانب سے بھیجے گئے سمن میں مرچنٹ کو سیکیورٹی کی بھی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔

ہر گزرتے دن کے ساتھ ایم کیو ایم سے متعلق منی لانڈرنگ کیس اور را سے تعلقات کے الزامات پر تحقیقات میں تیزی آتی جارہی ہے یہی وجہ ہے کہ کیس کے مرکزی گواہ سرفرازمرچنٹ کے بیان کو قلمبند کرانے کیلئے بلا تاخیر اقدامات ہورہے ہیں۔ڈی جی ایف آئی اے انعام غنی نے منی لانڈرنگ کیس کے ملزم سرفرازمرچنٹ کو پاکستان آنے اور اپنا بیان قلمبند کرانے کیلئے نیا سمن بھیج دیا جو انہیں موصول ہوگیا ہے۔

پہلے بھیجے جانے والے سمن کے متن پر سرفراز مرچنٹ نے شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا جسکے بعد وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے کے ڈائریکٹر نے انہیں فون کیا اور نیا سمن بھیجنے کے ساتھ ساتھ انکی عزت و احترام کو بھی ملحوظ خاطر رکھنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جسپر مرچنٹ پاکستان آنے پر راضی ہوگئے۔نئے سمن میں سرفراز مرچنٹ کو ناصرف پاکستان میں مکمل سیکیورٹی کی فراہمی یقین دہانی کرائی گئی ہے بلکہ الفاظ کے چناو¿ میں بھی احتیاط برتی گئی ہے۔