پشاورمیں سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکہ،16 افرادجاں بحق

شائع 16 مارچ 2016 09:25am

pesh-blast-bus

پشاور:پشاور میں سرکاری ملازمین کی بس میں دھماکے سے سولہ افراد جاں بحق اور چالیس سے زائد زخمی ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق پانچ سے چھ کلو دھماکا خیز مواد بس کے اندر نصب کیا گیا تھا۔یہ بس مالاکنڈ سے مختلف علاقوں کے سرکاری ملازمین کو لے کر پشاور آرہی تھی کہ سنہری مسجد کے قریب زور دار دھماکے سے تباہ ہوگئی۔

پشاور ایک بار پھر دہشتگردی کا نشانہ بن گیا ، اس مرتبہ سرکاری ملازمین زد میں آگئے۔ دھماکا چلتی بس میں ہوا، بس مالا کنڈ سے سرکاری ملازمین کو لے کر پشاور آرہی تھی جس میں اکثریت سیکریٹریٹ کے سرکاری ملازمین کی تھی۔ پشاور کے علاقے مین سنہری مسجد روڈ پر پہنچتے ہی بس کے اندر رکھا گیا بارودی مواد دھماکے سے پھٹ گیا، چلتی بس کے پرخچے اڑگئے۔

ریسکیو ڈبل ون ڈبل ٹو کے حکام نے میڈیا کو بتایا کہ انہیں سوا آٹھ بجے بس میں دھماکا ہونے کی اطلاع دی گئی ،دھماکے سے بس کے ٹکڑے دور دور جاگرے ، قریبی عمارتوں کے شیشیے بھی ٹوٹ گئے ،دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی ،بس کے اندر تباہی کے مناظر تھے ہر شے تہس نہس ہوچکی تھی ، ایڈیشنل آئی جی شفقت ملک نے آج نیوز کو بتایا کہ پانچ سے چھ کلو دھماکا خیز مواد بس کے اندر نصب تھا جسے ٹائم ڈیوائس کی مدد سے اڑایا گیا ۔

دھماکے میں جاں بحق افراد اور زخمیوں کو لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ نے ایدھی ایمبولینس سروس کو امداد ی کارروائیوں سے روک دیا، زخمیوں میں متعدد کی حالت تشویش ناک ہے۔مشیر اطلاعات مشتاق غنی بھی موقع پر پہنچے، انہوں نے بتایا مالاکنڈ اور گردونواح کے سرکاری ملازمین سوار تھے جو روزانہ اسی بس کے ذریعے پشاور پہنچتے ہیں، اس بات کی تحقیقا ت ہوں گی سکیورٹی میں کہاں غفلت برتی گئی۔

دھماکے کے بعد فوج نے علاقے کا کنٹرول سنبھال لیا اور غیرمتعلقہ افراد کو بس کے قریب جانے سے روک دیا گیا، خیبرپختونخوا بھر میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔