لاہور :سانحہ گلشن اقبال ،جاں بحق افراد کی تعداد چوہتر ہوگئی

لاہور :لاہور میں سانحہ گلشن اقبال پارک کے جاں بحق افراد کی تعداد چوہتر ہوگئی تاہم ایک سو چالیس زخمی تاحال سرکاری و نجی اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔ ڈاکٹرز کہتے ہیں ایک ہفتے تک بیشتر مریضوں کو ڈسچارج کردیا جائے گا۔
ستائیس مارچ کو گلشن اقبال پارک میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھتی ہی جارہی ہے، جناح ہسپتال سے اٹھارہ سالہ محمد انس اور نجی ہسپتال میں سترہ سالہ محمد محسن دم توڑ گئے جس کے بعد زندگی کی بازی ہارنے والوں کی تعداد چوہتر تک جا پہنچی ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق جناح میں اکسٹھ، شیخ زید میں بیالیس، سروسز میں بیس، گنگارام میں تیرہ اور میو میں چارافراد کو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جلد بیشتر مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا جائے گا۔نجی تنظیموں کی جانب سے ہسپتالوں میں زیرعلاج بچوں کیلئے کھلونے بھیجنے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
مریضوں کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز تو بھرپور تعاون کررہے ہیں لیکن سانحے نے زندگی بے رونق کردی ہے۔ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ہسپتالوں میں امدادی کیمپ اور معلوماتی کاوٴنٹر بھی بنا دئیے گئے ہیں۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔