دھرنا دینے والوں سے کوئی معاہدہ نہیں ہوا،چوہدری نثار

شائع 31 مارچ 2016 06:00am

nisar000000000000

اسلام آباد:وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کہتے ہیں ڈی چوک پردھرنا دینے والوں سے کسی قسم کا کوئی معاہدہ نہیں ہوا، قائدین کے پاس کوئی وزیر نہیں گیا وہ خود ملاقات کیلئے آئے، قانون توڑنے والوں کیخلاف ہر صورت میں کارروائی ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق چار روز کے بعد جاری دھرنا ختم ہوا تو وزیرداخلہ نے حکومت کی جانب سے صفائی پیش کرنے میں دیر نہ کی،اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معاملے کے حل کیلئے کچھ قابل قدر مذہبی شخصیات نے اہم کردار ادا کیا۔

وزیرداخلہ نے واضح کیا کہ دھرنے کے شرکاءکے پاس نہ تو کوئی وزیر گیا اور نہ ہی ان سے کسی قسم کا کوئی معاہدہ ہوا ہے،انہوں نے کہا کہ بد انتظامی کے حوالے سے اسپیشل سیکریٹری کے ماتحت ایک ہفتے میں انکوائری طلب کرلی ہے ۔

وزیراعظم کے اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ اسی قسم کی انکوائری پنجاب میں بھی ہوگی،چوہدری نثار نے کہا کہ سیف سٹی کے لاکھوں روپے کے کیمرے توڑے گئے، فائر بریگیڈ کو آگ لگائی گئی، اہلکاروں پر بھی حملے کئے گئے، لاہور سے اٹک تک جس نے قانون توڑا اس کےخلاف کارروائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ ریڈزون اور ڈی چوک کو جلسہ گاہ نہیں بننے دیا جائے گا اور وہاں پارلیمنٹ کی منظوری سے کچھ فزیکل چینجز کی جائیں گی۔