پی آئی اے کا حج پلان پیش

شائع 01 اپريل 2016 05:48pm

hajjj_image

کراچی :قومی فضائی کمپنی نے کرایوں میں چار ہزار روپے فی کس کمی کے ساتھ حج پلان حکومت کو پیش کر دیا۔ پری حج آپریشن کے دوران پی آئی اے کی ڈیڑھ سوخصوصی پروازوں کے زریعہ پینسٹھ ہزار عازمین کو حجاز مقدس پہنچایا جائے گا۔

پی آئی اے قبل از آپریشن کا آغاز چار اگست سے کیا جائے گا۔ڈیڑھ سو خصوصی پروازوں پر پینسٹھ ہزار عازمین حجاز مقدس روانہ ہونگے۔پی آئی اے کے زریعہ سرکاری پیکج پر اڑتیس ہزار جبکہ نجی پیکج پر ستائیس ہزار عازمین سعودی عرب روانہ ہونگے۔

ساؤتھ ریجن سے فی کس کرایہ چھیاسی ہزار روپے جبکہ نارتھ ریجن سے پچانوے ہزار روپے وصول کیا جائے گا۔ حج آپریشن کے دوران چالیس فیصد پروازیں مدینہ منورہ جبکہ ساٹھ فیصد جدہ کے لیے چلائی جائیں گی۔ پری حج آپریشن پانچ ستمبر تک جاری رہے گا۔

پوسٹ حج آپریشن سترہ ستمبر سے شروع ہوکر سولہ اکتوبر تک جاری رہے گا۔ حج آپریشن کے لیے پی آئی اے بوئنگ ٹرپل سیون طیارے استعمال کرے گی۔ ایئر بلو کے زریعہ پانچ ہزار جبکہ شاہین ایئر کے زریعہ پندرہ ہزار عازمین حجاز مقدس جائیں گے۔