مشرف کے بیرون ملک جانے پر عدالت کا اظہار برہمی

اسلام آباد:غازی عبدالرشید قتل کیس میں اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پرویز مشرف کے بیرون ملک جانے پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔عدالت نے پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے ضامن اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویزالقادرمیمن نے عبدالرشیدغازی قتل کیس کی سماعت کی،سیکرٹری داخلہ کی جانب سے سیکشن افسر ای سی ایل ڈاکٹروقارمسعوداورآئی جی کی طرف سے ان کے وکیل پیش ہوئے ،عدالت نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کے باوجود بیرون جانے کی اجازت دینے پربرہمی کا اظہارکیا۔
عدالت نے آئی جی اسلام آباد سے پرویزمشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق رپورٹ طلب اورایس ایچ او کوفوری پیش ہونے کا حکم دیا،سماعت میں وقفے کے بعد ایس ایچ اونے پیش ہوکر اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
عدالت نے مدعی کی جانب سے پرویزمشرف کو اشتہاری قراردینے کی استدعا منظورکرلی،عدالت نے پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کا فیصلہ برقراررکھتے ہوئے ضامن اور وزارت داخلہ کو نوٹس جاری کردیئے،عدالت کا کہنا تھا کہ جب پرویزمشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تو وہ کیسے بیرون ملک چلے گئے۔مقدمے کی آئندہ سماعت چودہ اپریل کوہوگی۔
















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔