اعلیٰ ملٹری اور سول حکام کا پنجاب میں مشترکہ آپریشن جاری رکھنے کا اعلان

شائع 10 اپريل 2016 06:32am

jc

لاہور:لاہور میں اعلیٰ ملٹری اور سول حکام نے پنجاب میں دہشت گردوں کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر مشترکہ آپریشن جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ پاک فوج ، محکمہ انسداد دہشت گردی، رینجرز اور پولیس کارروائی میں حصہ لیں گے۔

لاہور میں جوائنٹ آپریشن کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اعلیٰ عسکری قیادت اور سول حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں انٹیلی جنس بنیادوں پر مشترکہ آپریشن جاری رکھا جائے گا، دہشتگردوں اور سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔ اجلاس میں بتایا گیا آپریشن کی نوعیت کے مطابق فوج، رینجرز، محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کے جوان مشترکہ کارروائیاں کریں گے۔

جوائنٹ آپریشن کوآرڈینیشن کمیٹی پورے آپریشن کی بھرپور نگرانی کرے گی۔ اجلاس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مختلف ٹارگٹس پر آپریشن کرنے کی ہدایت بھی کی گئی۔