ممتاز قوال امجد صابری کا سوئم ،اہم شخصیات کی شرکت

شائع 24 جون 2016 04:34pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی :ممتاز قوال امجد صابری کا سوئم لیاقت آباد میں ان کی رہا ئش گاہ پر ہوا، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، گورنر سندھ اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شرکت کی، دن بھر انکی رہا ئش گاہ پر تعزیت کرنے والوں کا تانتا بندھا رہا۔

امجدفرید صابری کی رہا ئش گاہ پرعزیزواقارب کی آمد کا سلسلہ صبح سے ہی جاری رہا،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار گورنر سندھ کے ہمراہ امجد صابری کی رہائش گاہ پہنچے،جہاں انہوں نے مرحوم کے اہل خانہ سے تعزیت کی،اسحاق ڈار نے وزیر اعظم کی جانب سے بھی تعزیتی پیغام پہنچایا۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرخورشید شاہ بھی مرحوم امجدصابری کے گھر پہنچے اوراہلخانہ سے تعزیت کا اظہارکیا،میڈیا سے گفتگو میں خورشیدشاہ نے امجد صابری کی شہادت پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے دین کی بڑی خدمت کی۔

خواتین کیلئے امجد صابری کی رہائش گاہ جبکہ مردوں کے لیے قریب واقع مسجد فرقانیہ میں قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا،نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد رسم قل ہوئی۔دیگر حکومتی اور سیاسی شخصیات، شوبز اور کھیلوں سے متعلق افراد اور شہریوں کی بڑی تعداد سوئم میں شریک تھی۔