امجد صابری قتل کیس ،منیجر سلیم چندا زیر حراست
فائل فوٹو
کراچی :امجد صابری قتل کیس میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ پولیس نے ہائی پروفائل مرڈر میں میں ملوث ہونے کے شبہ میں امجد صابری کے ساتھی سلیم چندا کو حراست میں لے لیا ہے۔ سلیم چندا حملے کے وقت گاڑی میں موجود تھا اور شیشہ لگنے سے زخمی ہوگیا تھا۔
معروف قوال امجد صابری کا قتل، روشنیوں کا شہر ہل کر رہ گیا۔ہر سمت سے حکومت کو شدید تنقید کا سامنا رہاتاہم اب اس قتل کیس میں ایک اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے امجد صابری کے منیجر سلیم چندا کو قتل میں ملوث ہونے کے شبہ میں حراست میں لے لیا ہے۔امجد صابری کیس کی تفتیش شریف آباد تھانے سے گلبرگ منتقل کی گئی اور محسن زیدی نئے تفتیشی افسر مقرر ہوئے۔
نئے تفتیشی افسر اور ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس برانچ کے انچارج ناصر بخاری امجد صابری کے گھر پہنچے۔تقریباٰ ایک گھنٹے کے بعد دونوں افسران کی واپسی ہوئی تو امجد صابری کے منیجر سلیم چندا ان کی حراست میں تھے۔
پولیس افسران سلیم چندا کو منہ پر کپڑا ڈال کر ساتھ لے گئے۔سلیم چندا مقتول امجد صابری کا منیجر ہے جو حملے کے وقت گاڑی میں موجود تھااور سلیم چندا ہی امجد صابری کو اسپتال لے کر گیا تھا۔
پولیس کے مطابق سلیم چندا واقعے کا عینی شاہد ہے مگر بیان قلمبند کرانے کیلئے متعدد بار بلانے کے باوجود پیش نہیں ہورہا تھاسلیم چندا کی اسی عدم حاضری نے پولیس کے شکوک بڑھائے اور اسے تفتیش کیلئے حراست میں لے لیا گیا ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔