ملک بھرمیں آج یوم حضرت علی انتہائی عقیدت واحترام سےمنایا جارہا ہے

شائع 27 جون 2016 08:13am
مختلف شہروں سے نکلنے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں - فائل فوٹو مختلف شہروں سے نکلنے والے جلوسوں کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں - فائل فوٹو

اسلام آباد:ملک بھر میں آج  یوم حضرت علی رضی اللہ عنہ انتہائی عقیدت اور احترام سے منایا جارہا ہے ،ملک کے مختلف شہروں سے نکلنے والے  جلوسوں کی سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔

لاہور سمیت پنجاب بھر میں یوم شہادت حضرت علی کرم اللہ وجہہ کو انتہائی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے۔صوبے کے مختلف شہروں سے ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں۔

لاہور میں مبارک حویلی سے برآمد ہونیوالا لاہور کا مرکزی جلوس کربلا گامے شاہ کی جانب گامزن ہے۔

پنجاب میں یوم علی کے موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔جلوسوں کے راستوں خاردار تاروں سے بند اور شمولیت کیلئے واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں۔ مانیٹرنگ کیلئے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد لی جارہی ہے۔لاہور میں پانچ ہزار سیکورٹی اہلکار ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

ملتان میں بھی یوم علی کے موقع پر مختلف مقامات سے دس ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں۔ مرکزی جلوس دوپہر ایک بجے محلہ ناصرہ آباد سے برآمد ہوگا۔جو رات کو امام بارگاہ پیر لال شاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

گوجرانوالہ،سرگودھا،اوکاڑہ اور گجرات سمیت صوبے کے دیگر شہروں میں بھی جلوس نکالے جارہے ہیں۔

خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی جلوسوں کا اہتمام کیا گیا ہے، پشاور میں مرکزی جلوس امام بارگاہ اخون زادہ سے رات 10 بجے برآمد ہوگا جو روایتی راستوں سے گزرتا ہوا اما م بارگاہ عالم شاہ پہنچ کراختتام پزیر ہوگا۔

یوم علی کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پشاور میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہے، 1500سے زائد پولیس اہلکارسیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے،جلوس کے تمام گزر گاہوں کو سراغ رساں کتوں سے چیک کیا جا رہا ہے ۔

سندھ کے مختلف شہروں میں بھی ماتمی جلوس نکالے جارہے ہیں،سکھر میں یوم علی کے موقع پر جلوس گزشتہ رات نکالا گیا،جو اپنے روایتی راستوں سے ہوکر مقررہ مقام پر ختم ہوا،حیدرآباد میں دوپہر 3 بجے کربلا دادن شاہ سے جلوس برآمد ہوگا۔

کوئٹہ میں بھی یوم علی کا ماتمی جلوس نماز مغرب کے بعد علمدار روڈ شہداء چوک سے برآمد ہوگا۔یوم علی کے موقع کو کوئٹہ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے،شہر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہےاور پولیس اور ایف سی کے اہلکار سیکیورٹی پر مامور ہیں۔