اویس شاہ اغواء کیس میں ایس ایس پی ساؤتھ کو فوری ہٹانے کا حکم

شائع 04 جولائ 2016 07:45am
کراچی بدامنی کیس میں آئی جی پولیس اور ڈائریکٹر پیرول کی رپورٹس پیش - فائل فوٹو کراچی بدامنی کیس میں آئی جی پولیس اور ڈائریکٹر پیرول کی رپورٹس پیش - فائل فوٹو

کراچی:سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں کراچی بدامنی کیس کی سماعت میں آئی جی پولیس اور ڈائریکٹر پیرول نے رپورٹس پیش کر دی ۔ اویس شاہ اغوا ءکیس میں عدالت نے ایس ایس پی ساؤتھ کو فوری ہٹانے کا حکم دے دیا۔

کراچی بدامنی کیس کی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ کر رہا ہے، اویس شاہ اغوا ءکیس میں ایس ایس پی سائوتھ فاروق شاہ عدالت میں پیش ہوئے ۔

 عدالت نے استفسار کیا آپ کو واقعے کا علم کب ہوا اور کارروائی کب کی ، ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا شام سوا سات بجے واقعہ میرے علم میں آیا ، جسٹس امیر ہانی مسلم نے ریمارکس دیئے کہ جب متعلقہ ایس ایچ او کو پتا چلا ہوگا تو اس نے کہہ دیا ہوگا کہ ایجنسیوں نے اٹھا لیا ہوگا۔

 عدالت نے ایس ایس پی سائوتھ کو عہدے سے ہٹا کر دوبارہ تعیناتی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور انہیں عہدے سے فوری ہٹانے کا حکم دیا۔

 عدالت کا کہنا تھا فاروق شاہ نے اغواء کاروں کی مدد کی ، یہ مجرمانہ غفلت ہے ، ڈائریکٹر پیرول بھی عدالت میں حاضر ہوئے ، عدالت نے استفسار کیا جس روز چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کا بیٹا اغوا ءہوا اس دن کتنے افراد کو پیرول پر رہا کیا گیا ؟ ڈائریکٹر پیرول کا کہنا تھا کہ اس روز 25 افراد رہا ہوئے۔

 جسٹس خلجی عارف نے آئی جی سندھ سے استفسار کیا شہر میں کتنے تارکین وطن موجود ہیں ، آئی جی نے جواب دیا صحیح تعداد نہیں بتا سکتے ۔

 عدالت کا کہنا تھا جب صحیح تعداد معلوم نہیں تو کارروائی کیسے کریں گے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو آئی جی سندھ کو بااختیار بنانے کی ہدایت کی۔