پاک فوج کا آرمی چیف کے پوسٹرز سے اظہار لاتعلقی

شائع 12 جولائ 2016 06:14pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

راولپنڈی :پاک فوج نے بحیثیت ادارہ آرمی چیف کے پوسٹرزسے اظہار لاتعلقی کردیا۔ آرمی چیف  راحیل شریف کے حق میں بڑے شہروں میں پوسٹرز آویزاں کر دئیے گئے جس پر ہر طرف بحث و مباحث جاری ہیں۔ مگر پاک فوج نے واضح طور پر ان پوسٹرز سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا ہے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر عاصم سلیم باجوہ  نے کہا ہے کہ  مختلف شہروں میں آرمی چیف کے پوسٹرز سے فوج کا کوئی تعلق نہیں۔راتوں رات یہ پوسٹرز بڑے شہروں کی بڑی شاہراہوں پر لگ گئے،اب معاملے پر ہر طرف بحث و مباحث جاری ہیں سیاست بھی چمکائی جا رہی ہے۔

اپوزیشن ذمہ داروں کا سراغ لگانے کا مطالبہ کر رہی ہے جسے جائز کہا جا سکتا ہے،مگر حکومتی وزرا بھی مطالبے کرتے دکھائے دے رہے ہیں جو عجب بات ہے۔اب اس سارے معاملے کو کسی حد تک پاک فوج نے خود کلیئر کرنے کی کوشش کی  ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ  مختلف شہروں میں آویزاں آرمی چیف کے پوسٹرز سے فوج کا بحیثیت ادارہ کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ آرمی کے کسی ادارے کا بھی ان پوسٹرز سے دور دور تک تعلق نہیں۔