شانگلہ:طوفانی بارش سے ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی

اپ ڈیٹ 15 جولائ 2016 08:25am
فائل فوٹو فائل فوٹو

شانگلہ :شانگلہ کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی آگئی، جس سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔ سیلابی ریلے میں ڈوب کرایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ موٹر سائیکل سمیت 2 گاڑیاں بھی سیلابی پانی میں بہہ گئیں۔

سیلاب کے باعث سوات بشام روڈ سمیت متعدد رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ہیں جبکہ ضلع بھر میں بجلی اور مواصلات کا نظام بھی درہم برہم ہوگیا ہے۔ جس کی وجہ سے شانگلہ کا دوسرے اضلاع سے زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔

پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کی پیش گوئی کردی ہے۔ جس سے دریاؤں میں طغیانی اور سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔

ذرائع کے مطابق ،شانگلہ کے علاقے کروڑہ میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث پورےگاؤںکو خالی کرالیا گیا اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا اور قبائلی علاقوں میں موسم جزوی طور پر آبر آلود رہنے جبکہ ہزارہ اور مالاکنڈ ڈویژن میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے جس سے لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔

 کوہاٹ ، بنوں ، کرک ، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک ، خیبر ،کرم اور اورکزئی ایجنسی میں بھی کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

  پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو دریاؤں میں طغیانی اور سیلاب کے خدشہ کے پیش نظر لوگوں کو حفاظتی مقامات پر منتقل کرنے اور تمام تر حفاظتی اقدامات اُٹھانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔