فوجی بغاوت کچلنے پر ترک قوم مزید مضبوط ہوگی،بلاول

شائع 16 جولائ 2016 02:29pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

 

 

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے ترکی فوجی بغاوت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ناکام فوجی بغاوت کے نتیجے میں ترکی مزید مستحکم اور مضبوط قوم کی حیثیت سے سامنے آئے گا۔

بلاول بھٹو زرداری نے فوجی بغاوت کی ناکامی پر ترک عوام کو مبارکباد کا مستحق قرار دیا اور کہا کہ ترک عوام نے ٹینکوں اور توپوں کا نہتے سامنا کیا اور سازشوں کو بھاگنے پر مجبور کیا،پاکستانی عوام اور پیپلز پارٹی فوجی بغاوت کے مضمرات سے آگاہ ہے، تاریخ نے ہمیں سبق سکھایا ہے کہ جمہوری حکومت فتح کرنے سے ریاستی ادارے تباہ اور ملک کی سماجی اور سیاسی صورتحال بگڑ جاتی ہے۔

بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں جمہوری قوتیں ترک بغاوت کی ناکامی پہ خوش ہیں،انہوں نے کہا کہ ترکی کی حزب اختلاف ستائش کی مستحق ہے، جنہوں نے سیاسی مخالفت کے باوجود جمہوریت کی حفاظت کی لیکن بغاوت کی حمایت نہیں کی۔

پیپلز پارٹی چیئرمین نے کہا کہ ترک ناکام بغاوت سے دنیا بھر میں جمہوریت پسند قوتیں مستحکم ہوں گی ، کسی بھی طالع آزما کو ایسا قدم اٹھانے سے قبل اپنا انجام سوچنا ہوگا۔