مقبوضہ کشمیر:تاحال دسویں روز بھی کرفیو نافذ،میڈیا پر پابندی

شائع 18 جولائ 2016 02:16pm
proterstt_image فائل فوٹو

سری نگر :مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کے ماورائے عدالے قتل کے خلاف عوامی احتجاج کو روکنے کیلئے بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل دسویں روز بھی کرفیو نافذ ہے۔ وادی میں اخبارات، ٹی وی چینلز، انٹرنیٹ اور موبائل سروس بند پڑے ہیں اورکشمیری عوام کا دنیا سے رابطہ منقطع ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ میں احتجاج کرنے والوں پر بھارتی فوجیوں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص شہید اور آٹھ زخمی ہوگئے جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں جس کے بعد بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید کشمیریوں کی تعداد پینتالیس اور  زخمیوں کی تعداد پینتیس سو ہے۔

وادی کے دس اضلاع کپواڑہ،گندربال،بڈگام سمیت جنوبی کشمیر کے علاقے اسلام آباد،پلواما،کوکپورہ،اونتی پورہ سمیت کئی علاقوں میں حالات نہایت کشیدہ ہیں۔کرفیو کے باعث دواؤں اور غذائی اشیا کی شدید قلت پیدا ہوگئی ہے۔

مقبوضہ وادی میں بھارت سے آزادی کے حامی اخبارات بند،موبائل فون، انٹرنیٹ سروسز، ٹی وی چینلز سب پر بھی پابندی عائد ہےاور بھارتی فوج نے وادی کا رابطہ پوری دنیا سے منقطع کر رکھا ہے۔