اویس شاہ کی بازیابی میں ساراکردارپاک فوج کاہے، جسٹس سجاد علی

اپ ڈیٹ 19 جولائ 2016 09:23am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ کہتے ہیں اللہ کا بڑا احسان ہے کہ میرا بیٹا گھر واپس آگیا ہے۔

بیٹے کی بازیابی پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس سجاد علی شاہ بہت مسرور ہیں اوراللہ کا شکراداکرتے نہیں تھکتے۔ اپنی رہائش گاہ پرمیڈیا سے گفتگو کے دوران ان کا چہرے پرخوشی کے رنگ نمایاں تھے۔

 انہوں نے کہا کہ میرا بیٹا خیریت سے ہے،اویس شاہ کی بازیابی میں سارا کردار پاک فوج کا ہے۔ آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ٹیلی فون کرکے مبارکباد بھی دی۔

اویس شاہ کی بازیابی میں حکومت پاکستان کے کردارسے متعلق سوال پر جسٹس سجاد علی شاہ کا کہنا تھا کہ فوج بھی حکومت پاکستان کا حصہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اویس شاہ کو طیارے کے ذریعے کراچی منتقل کیا گیا۔ پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کے کردار کے حوالے سے سوال پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے مسکراتے ہوئے گول مول جواب دیا۔

اویس شاہ کوآج ڈی جی رینجرزنے ان کی رہائش گاہ پہنچا دیا ہے۔ انہیں 20 جون کو کلفٹن کے شاپنگ مال کے باہرسے اغوا کیا گیا تھا۔ ان کے اغوا کے خلاف وکلا برادری نے بھی شدید احتجاج کیا اور کئی بارعدالتوں کا بائیکاٹ بھی کیا گیا۔