تمام ادارے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں،قائم علی شاہ

شائع 19 جولائ 2016 04:33pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

لاڑکانہ:کراچی آپریشن کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے نیا پنڈورا باکس کھول دیا ، کہتے ہیں سندھ رینجرز کو کراچی کے علاوہ کہیں آپریشن کی اجازت نہیں ۔ تمام ادارے قانون کے دائرے میں رہ کر کام کریں۔

کراچی میں جاری آپریشن پر کئی سیاسی جماعتوں کو تحفظات ہیں۔سندھ حکومت بھی متعدد بار رینجرز اختیارات کے حوالے سے تذبذب کا شکار نظر آئی۔

عاصم حسین کی گرفتاری کے بعد سے سندھ حکومت اور رینجرز تعلقات میں تناؤ آیا۔اب کراچی آپریشن کے کپتان نے ایک اور جارحانہ بیان دے دیا ۔جس سے فضا ایک بار پھر کشیدہ ہوتی دکھائی دیتی ہے۔

لاڑکانہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ رینجرز اختیارات کا فیصلہ پارٹی قیادت سے مشاورت کے بعد ہو گا۔ سندھ میں پولیس بہتر کام کررہی ہے۔

قائم علی شاہ نے متنبہ کیا کہ رینجرز،پولیس اور تمام ادارے اپنے دائرہ اختیار میں رہ کر کام کریں ۔تاہم ساتھ ہی ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت اور سیکیورٹی اداروں میں کوئی تضاد نہیں۔

عبدالقادر پٹیل سے متعلق سوال پر وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ان کا معاملہ عدالت میں ہے۔اگر انسداد دہشت گردی نے کسی کی ضمانت مسترد کی ہے تو وہ ہائی کورٹ جا سکتا ہے۔

اسد کھرل کے معاملے پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیس کو اسد کھرل کے خلاف کارروائی کا کہہ دیا ہے۔