پاکستان اورمقبوضہ کشمیرمیں آج یوم سیاہ منایاجارہا ہے

اپ ڈیٹ 20 جولائ 2016 08:46am
مقبوضہ وادی میں آج بھی کرفیو نافذ ہے - فائل فوٹو مقبوضہ وادی میں آج بھی کرفیو نافذ ہے - فائل فوٹو

اسلام آباد:حزب کمانڈر برہان وانی کی شہادت کے بعد پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔ مقبوضہ وادی میں آج بھی کرفیو نافذ ہے۔

نہتے کشمیریوں کی خون سے ہولی کھیلنے کیخلاف آج مقبوضہ کشمیر اور پاکستان میں  یوم سیاہ منایا جارہاہے ۔تحریک آزادی کے نوجوان رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد وادی میں زندگی مفلوج ہوگئی ہے۔

یوم سیاہ منانے کا اعلان پاکستانی حکومت اور حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق،یاسین سمیت دیگر کی جانب سے کیا گیا آج کے روز کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلیوں کا بھی اہتمام کیا گیا ہے ۔ جس کا مقصد اس مسئلے کو عالمی سطح پر اٹھانا ہے۔ بھارتی فوج کی جانب سے کشمیریوں کی جانیں لینے کا عمل بھی جاری ہے۔

مقبوضہ وادی میں بارہویں روز بھی کرفیو نافذ ہے۔ مسلسل کرفیو کے باعث وادی میں کھانے پینے کی اشیاء کی قلت ہوگئی ہےمیڈیا اور سوشل میڈیا کو مکمل طور پر خاموش کردیا گیا ہے تاکہ عالمی برادری حالات سے لاعلم رہے۔

حریت کانفرنس کی کال پر تمام تعلیمی ادارے 24 جولائی تک بند رہیں گے۔ بھارتی فورسز نے خوف پھیلانے کیلئے چھاپے مار کر نوجوانوں کو گرفتار بھی کرلیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جارہاہے۔

سری نگر سمیت دیگر علاقوں میں کشمیریوں کی آواز دبانے کیلئے فوج کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے۔

دوسری جانب ہندو انتہا پسند تنظیم شیو سینا کے رہنما سنجے راؤت کا کہنا ہے بھارتی فوج بہت بہادر ہے وہ برہان وانی جیسے دہشت گردوں کو مارتی رہے گی،اس لئے پاکستان کو چاہیئے کے پورے سال کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرے اور یوم سیاہ منائے۔