سینئر سیاستدان معراج محمد خان کراچی میں انتقال کرگئے

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2016 08:07am
نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ خیابان راحت میں ادا کی جائے گی - فائل فوٹو نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ خیابان راحت میں ادا کی جائے گی - فائل فوٹو

کراچی:سینئر سیاستدان معراج محمد خان 77 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے،وہ سانس کی بیماری میں مبتلا تھے،نمازجنازہ آج بعد نماز جمعہ خیابان راحت میں ادا کی جائے گی۔

سینئر سیاستدان معراج محمد خان طویل عرصے سے سانس کی بیماری میں مبتلا تھے، رات گئے کراچی کے نجی اسپتال میں انتقال کرگئے، معراج محمد خان کی نمازجنازہ آج بعد نمازجمعہ خیابان راحت، سلطان مسجد میں ادا کی جائے گی اور تدفین ڈیفنس قبرستان میں ہوگی۔

 بیٹے خاقان محمد خان نے بتایا کہ گذشتہ روز دوپہر میں  طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

معراج محمد خان کا شمار پیپلزپارٹی کے بانی رہنماؤں میں ہوتا تھا، معراج محمد خان  ذوالفقار علی بھٹو کے قریبی ساتھی اور ان کی کابینہ کے وزیر بھی رہے،،پیپلزپارٹی کے قیام کے وقت معراج محمد خان کو پارٹی کا نائب صدر منتخب کیا گیا۔

ذوالفقار علی بھٹو نے معراج محمد خان کو اپنا جانشین نامزد کیا تھا،1973میں انہوں نے پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر پاکستان کمیونیسٹ پارٹی کی بنیاد ڈالی، انہوں نے تنظیم قومی محاذ آزادی بھی بنائی تھی، 1960 میں جنرل ایوب خان کے مارشل لاء کے خلاف تحریک چلائی، جس کی وجہ سے انہیں 12 طالبعلم رہنماؤں کے ساتھ شہر بدر کردیا گیا۔

 معراج محمد خان نے 1998 میں پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی اور پارٹی کے جنرل سیکریٹری منتخب ہوئے،2003 میں عمران خان سے اختلافات کے باعث انہوں نے پی ٹی آئی کو بھی چھوڑ دیا تھا،معراج محمد خان نے عمر بھر جمہوریت کے استحکام اور محنت کشوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کی۔

معراج محمد خان کے انتقال پر عمران خان اور گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان سمیت دیگر سیاسی و سماجی رہنماوں نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جمہوریت کے استحکام کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا۔