سپریم کورٹ:کراچی میں غیرقانونی بل بورڈز ہٹانے کیلئے3دن کی مہلت

اپ ڈیٹ 22 جولائ 2016 10:19am
فائل فوٹو فائل فوٹو

کراچی:سپریم کورٹ نے کراچی میں غیر قانونی بل بورڈز ہٹانے کیلئے انتطامیہ کو 3 دن کی حتمی مہلت دے دی۔

سپریم کورٹ رجسٹری میں کراچی میں غیرقانونی بل بورڈزاورہورڈنگزسےمتعلق کیس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران تمام ڈی ایم سیز،کنٹونمنٹ بورڈزنے بل بورڈزہٹانے سےمتعلق رپورٹ پیش کی۔

 ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شہر میں 98 فیصد بل بورڈز ہٹا دیے گئے ہیں  جس پرجسٹس امیرہانی مسلم نے برہمی کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ غلط بیانی نہ کریں۔ اب بھی بورڈز لگے ہوئے ہیں،شار ع فیصل سےکالا پل تک بل بورڈزکی بھرمارہے۔ ہمارے پاس تصاویرموجود ہیں شہرمیں اب بھی سائن بورڈزلگےہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی کا کہنا تھا کہ یہ علاقہ کراچی کنٹونمنٹ کی حدود میں آتا ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کون ہے کنٹونمنٹ کا سی ای او؟ بلائیں اسے۔ وکیل نے بتایا کہ کنٹونمنٹ کے سی ای او بیرون ملک گئے ہوئے ہیں۔

 جسٹس امیر ہانی نے پوچھا کیا وہ عدالت سے بڑے ہیں جو باہر چلے گئے؟؟ عدالت کا کہنا تھا کہ سب ایک دوسرے پر ذمے داری ڈال رہے ہیں، ہم کس پر بھروسہ کریں؟

عدالت نے 3 دن میں بل بورڈزہٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ جس کی حدود میں بل بورڈزلگے ہوں گے وہی ذمے دار ہوگا،بل بورڈزنہ ہٹائے گئے تو تمام ڈی ایم سیزکےایڈمنسٹریٹرز، کنٹونمنٹ کے سربراہان اور ایڈمنسٹریٹرزذمے دارہوں گے۔ عدالت نے 29 جولائی تک حتمی رپورٹ طلب کرلی۔