مقبوضہ کشمیر:بھارتی بربریت کیخلاف گلوبل کشمیر ڈے

شائع 22 جولائ 2016 05:16pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

سری نگر :مقبوضہ کشمیر میں غاصب بھارت کے ظلم و ستم کیخلاف دنیا بھر کے کشمیریوں نے آج گلوبل کشمیر ڈے منایا۔ وادی میں بھارتی فائرنگ سے شہدا کی تعداد پچاس ہوگئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں چودہویں روز بھی کرفیو نافذ ہے جبکہ کئی علاقوں میں عوام کو بدترین غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔

مقبوضہ وادی کے باسی بھارتی ظلم و ستم کے خلاف چودہویں روز بھی سڑکوں پر ہیں۔حریت رہنماؤں کی اپیل پر کشمیری عوام نے نماز جمعہ کے بعد شہر شہر احتجاج کیا۔

بھارتی ظلم و جبر کو نصف صدی سے زائد بیت گیا لیکن کشمیریوں کے دلوں میں آزادی کی آگ نہ بجھ سکی۔عوام نے غاصب فوج کیخلاف نفرت کا اظہار پاکستانی پرچم لہرا کر کیا۔

گلوبل کشمیر ڈے پر بھی قابض فوج اور احتجاجی مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا کھیل جاری رہا

مظاہرین کی آواز دبانے کے لیے بھارتی فورسز کی جانب سے طاقت کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے۔وادی میں چودہویں روز بھی کرفیو نافذ ہے۔

انٹرنیٹ اور فون سروسز معطل ہیںجبکہ وادی کے اسپتال زخمیوں سے بھرے پڑے ہیںجن میں زیادہ تعداد پیلٹ گن سے زخمی ہونے والوں کی ہے۔