بلوچستان: سیکیورٹی اداروں کی صلاحیت بڑھانے کیلئے منصوبہ سازی کی ہدایت

شائع 08 اگست 2016 05:19pm
فائل فوٹو فائل فوٹو

وزیراعظم نواز شریف نے بلوچستان میں ایف سی اور قانون نافذ کرنے والے سول اداروں کی صلاحیت بڑھانے کے لیے منصوبہ سازی کرنے کی ہدایت کر دی۔

سانحے  کے بعد وزیراعظم  کوئٹہ پہنچے اور ہسپتالوں میں جاکر زخمیوں کی عیادت کی وزیراعظم نے زخمیوں کوبہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ شہداء کے لواحقین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ بعد میں وزیراعظم گورنر سیکرٹریٹ پہنچے جہاں انہوں نے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں آرمی چیف ، کمانڈر سدرن کمانڈ ، ڈی جی آئی ایس پی آر، ڈی جی ایم او، ڈی جی ایم آئی بھی شریک ہوئے۔ وزیراعظم کو کوئٹہ کی صورتحال پربریفنگ دی گئی۔

 اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف تمام سیکیورٹی اداروں کو مکمل قوت سے کاروائی کا حکم دیدیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد سافٹ ٹارگٹ نشانہ بناتے ہوے نت نئے طریقے استعمال کر رہے ہیں۔ دہشت گردوں کے خلاف زیادہ موثر مربوط کاروائیاں کی جائیں، گزشتہ تین برس میں بلوچستان میں امن و امان بحال ہوا، سانحہ کوئٹہ دہشت گردی کے خلاف قوم کا عزم کمزور نہیں کر سکتا۔

 وزیراعظم نے کہا کہ کوئی شک نہیں کے ملک کے دشمن سی پیک کے خلاف ہیں، سی پیک کی سیکیورٹی کے لیے آرمی چیف کی قیادت میں فوج قابل قدر کردار ادا کر رہی ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں ایف سی اور محکمہ انسداد دہشت گردی کے لیے بھرپور وسائل استعمال کرے گی، عالمی دہشت گردی کے خدشات سے نمٹنے کے لیے بھرپور کوشیش کی جائے گی۔

 وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی اداروں اور انیٹلی جینس میں متحرک مکینزم تیار کیا جائے گا۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بھرپور وسائل فراہم کریں گے۔ وزیراعظم نے نئے مربوط نظام کے لیے وزیراعلی بلوچستان سے جلد رپورٹ مانگ لی۔