مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات: خام تیل کی قیمتوں میں ساڑھے چار فیصد تک اضافہ

لندن برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.16 سینٹس بڑھ گئی، جس کے بعد برینٹ آئل 105 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا۔
شائع 11 مئ 2026 07:16pm

مشرق وسطیٰ میں کشیدگی کے اثرات کے باعث عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں ساڑھے چار فیصد تک اضافہ ہوا ہے، لندن برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.16 سینٹس بڑھ گئی، جس کے بعد برینٹ آئل 105 ڈالر فی بیرل سے اوپر چلا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ایران کی جنگ ختم کرنے کی تجویز کو مسترد کیے جانے کے بعد ایک بار پھر غیر یقینی صورت حال پیدا ہو گئی ہے۔

پیر کے روز بین الاقوامی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی قیمت 4.16 ڈالر (4.11 فیصد) اضافے کے ساتھ 105.45 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔

اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کروڈ بھی 4.38 ڈالر (4.59 فیصد) اضافے کے بعد 99.80 ڈالر فی بیرل پر بند ہوا۔

یہ اضافہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر ایران کی اس تجویز کو “مکمل طور پر ناقابلِ قبول” قرار دیا، جس میں خطے میں جاری جنگ کے خاتمے کی بات کی گئی تھی۔

ایران کی جانب سے پیش کی گئی تجویز میں خاص طور پر لبنان سمیت خطے میں جنگ کے خاتمے، پابندیوں کے خاتمے، امریکی بحری ناکہ بندی ختم کرنے اور مستقبل میں حملوں کے خلاف ضمانتوں کا مطالبہ شامل تھا۔ تہران نے آبنائے ہرمز پر اپنی خودمختاری پر بھی زور دیا۔

رپورٹس کے مطابق آبنائے ہرمز اس وقت جنگی صورت حال کے باعث جزوی طور پر بند ہے، جس کے اثرات عالمی تیل کی ترسیل اور قیمتوں پر براہ راست پڑ رہے ہیں۔

سعودی آرامکو کے چیف ایگزیکٹو امین ناصر کے مطابق گزشتہ دو ماہ کے دوران جنگ کے باعث عالمی منڈی سے تقریباً ایک ارب بیرل تیل کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ مستقبل میں ترسیل بحال بھی ہو جائے، عالمی توانائی مارکیٹس کو استحکام میں وقت لگے گا۔

گزشتہ ہفتے امن مذاکرات کی امیدوں پر تیل کی قیمتوں میں تقریباً 6 فیصد کمی دیکھی گئی تھی تاہم تازہ سفارتی تعطل اور غیر یقینی صورتحال کے باعث مارکیٹ میں ایک بار پھر اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

واضح رہے کہ عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، جس کا اثر پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی پڑتا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رہا تو پاکستان میں قیمتیں مزید بڑھ سکتی ہیں۔