دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متفق ہے،وزیر اعظم نواز شریف
ریڈیو پاکستاناسلام آباد:وزیر اعظم نواز شریف کہتے ہیں کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متفق ہے، ہمارا اتحاد ہی شیطانی قوتوں کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ انتہائی غم زدہ کیفیت میں ایوان سے مخاطب ہوں۔کوئٹہ دھماکے اور دہشت گردی کے دیگر واقعات میں ایک ہی نظریہ کارفرما ہے۔ بینظیر بھٹو کو شہید کرنے والے بھی اسی نظریے کے پروردہ ہیں،اے پی ایس کے بچوں کو بھی اسی نظریے نے خون میں نہلایا۔یہ نظریہ ہماری قومی سلامتی کا دشمن ہے۔
وزیر اعظم کامزید کہنا تھا کہ دہشتگردی کو ختم کرنے کیلئے پوری قوم متفق ہے، ہمارا اتحاد ہی شیطانی قوتوں کا منہ توڑ جواب دے سکتا ہے۔ کوئٹہ دھماکے کے پیچھے کام کرنے والا ذہن مکروہ عزائم کا حامل ہے۔ بلوچستان میں امن کو تباہ کرنا دشمن کے مقاصد میں شامل ہے۔ سی پیک کے منصوبوں سے روشن ہوتی دنیا دشمنوں کو ہضم نہیں ہورہی۔
وزیراعظم پاکستان نے مزید کہا کہ سیکیورٹی اہلکار اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کررہے ہیں۔خفیہ اداروں نے دہشتگردی کے بے شمار واقعات ہونے سے پہلے ہی روکے۔خفیہ ایجنسیاں اپنا کام ذمہ داری سے انجام دے رہی ہیں۔
وزیر اعظم کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی مظالم کیخلاف پاکستان دنیا بھر میں آگاہی کی مہم چلارہا ہے۔














اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔