وفاقی کابینہ کامقبوضہ کشمیرکےحالات پراقوام متحدہ کی تحقیقات کا مطالبہ

شائع 30 ستمبر 2016 09:50am
کابینہ نے سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کو مسترد کیا - فائل فوٹو کابینہ نے سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کو مسترد کیا - فائل فوٹو

اسلام آباد:وفاقی کابینہ نے مقبوضہ کشمیر کے حالات پر اقوام متحدہ کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاہےکہ بھارتی وزیراعظم کے بیانات پاکستان میں بھارتی سازشوں کا نیا ثبوت ہیں۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا۔ کابینہ نے سرجیکل سٹرائیک کے بھارتی دعوؤں کو مسترد کیا اور پاک فوج کے جرات مندانہ جوابی اقدام کو سراہا۔

کابینہ نے اوڑی حملہ کے بعد بھارتی قیادت کی بےبنیاد الزام تراشی اور دھمکی آمیز رویے کی مذمت کی اور کہاکہ بھارتی وزیراعظم مودی کے حالیہ بیانات پاکستان میں بھارتی سازشوں کا نیا ثبوت ہیں۔

اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نےعوام کی ترقی اور غربت خاتمے کا عزم کرتے ہوئے کہاکہ ہم اس کیلئے امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھی جائے۔

 دفاع پاکستان میں پوری قوم بہادر فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، کنٹرول لائن کی خلاف ورزی یا جارحیت کی صورت میں عوام اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کی خاطر تمام ضروری اقدام کیئے جائیں گے۔کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جسے نظراندازنہیں کیا جاسکتا۔

اجلاس سے پہلے میڈیا سے بات چیت میں وزیردفاع خواجہ آصف نے خبردار کیا کہ جنگ سے خطے میں تباہی آئےگی۔

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بھی واضح کیا کہ بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کا سخت جواب دیا جائےگا۔

اجلاس میں کشمیرمیں اقوام متحدہ کا جائزہ مشن بھیجنے کے فیصلے کو سراہا گیا اور کشمیریوں کی ہر فورم پر اخلاقی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔