بارہ مئی میں گورنر سندھ عشرت العباد ملوث ہیں، مصطفی کمال

شائع 20 اکتوبر 2016 02:29pm
File Photo File Photo

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ بارہ مئی کے واقعے میں گورنر سندھ عشرت العباد ہی ملوث ہیں جبکہ رشوت العباد کیلئے گورنر کرپشن سیل کھولنا پڑے گا ۔ پی ایس پی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کراچی میں دھواں دار پریس کانفرنس کی ۔ پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ وہ چندحقائق پاکستان کی عوام کو بتانا چاہتے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ کل گورنر صاحب نے بہت سارے انکشافات کیے ہیں اور وہ اب ان باتوں کا جواب دینا چاہتے ہیں۔ مصطفی کمال نے الزام عائد کیا کہ گورنر سندھ عشرت العباد خواہاں ہیں کہ  پی ایس پی  ان سے خوفزدہ ہو تاہم انہوں  نے عشرت العباد سے ذاتی دشمنی کے تاثر کو رد کیا۔

اس موقعے پر انہوں نے بارہ مئی کے واقعے کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ گورنر نے ان پر بارہ مئی کے واقعے کا الزام عائد کیا، لہذا اس کی تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی بنائی جائے تاہم گورنر خود ہی  اس سانحے میں ملوث ہیں۔

پی سی پی سربراہ  نے مزید کہا کہ  انہوں نے بین بجا کر سانپوں کو باہر نکالا ہے ، ایک اور کو کل نکالا ہے۔  ان کا کہنا تھا کہ برطانوی پاسپورٹ یافتہ عشرت العباد  چودہ سال سے گورنر ہیں جبکہ دہری شہریت پر عدالت نے لوگوں کی ایم این اے شپ معطل کردی۔

 انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ عشرت العباد  پچاس ہزار روپے رشوت بھی نہیں چھوڑتے۔ بانی ایم کیو ایم سے متعلق  مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ را نے  الطاف حسین کو بچالیا اور اب  ان کیخلاف کیس ختم ہوگیا ہے۔