راولپنڈی:پولیس کی شیلنگ سے نومولود جاں بحق، عمران کا اظہار افسوس

اپ ڈیٹ 29 اکتوبر 2016 07:54am
File Photo File Photo

راولپنڈی :راولپنڈی میں گزشتہ روز آنسو گیس کی شیلنگ سے تین روز کا بچہ جاں بحق ہوگیا،میڈیکل سرٹیفکیٹ میں  بچے کی موت کی وجہ آنسو گیس سے دم گھٹنا بتائی گئی ہے۔

راولپنڈی میں پولیس اور سیاسی کارکنوں کی درمیان ہونے والی آنکھ مچولی نے تین روز کے ابوبکر کی جان لے لی،والد محمد طاہر نومولود کو لےکر اسپتال جا رہے تھے کہ کمیٹی چوک کے قریب پولیس کی شیلنگ میں پھنس گئے۔

آنسو گیس کے شیلز سے نکلنے والے کثیف دھوئیں نے ننھے ابوبکر کا دم ہی گھونٹ دیا،پریشان حال باپ ننھے بیٹے کو  لےکر بینظیر بھٹو اسپتال پہنچا مگر اس کی سانس کی ڈور ٹوٹ چکی تھی۔

انہوں نے کہا انہیں جو میڈیکل سرٹیفکیٹ دیا گیا اس میں بھی بچے کی موت کی وجہ آنسو گیس کے دھوئیں سے دم گھٹنا بتائی گئی ہے۔

بے بس محمد طاہر نے کہا کہ ان کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں  وہ نہ پہلے آدمی ہیں اور نا آخری جن کا بچہ مرا ہے روز روز کے احتجاج نے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بچہ کی جان کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ واقعے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے۔