گڈانی  شپ بریکنگ یارڈ دھماکا:جاں بحق افراد کی تعداد سترہ ہوگئی

شائع 02 نومبر 2016 03:54am

 جہاز میں پھنسے 30 مزدوروں کو باہر نہ نکالا جا سکا - فائل فوٹو

حب:گڈانی  شپ بریکنگ یارڈ میں کٹائی کے دوران جہاز میں دھماکے سے  لگی آگ سے جاں بحق افراد کی تعداد سترہ ہوگئی،حادثے میں پچاس افراد زخمی ہیں،اموات میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے جبکہ آگ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں ۔

گزشتہ روز گڈانی شپ بریکنگ یارڈ، جہازوں کی کٹائی کیلئے معمول کا کام جاری تھاکہ اچانک جہاز میں زوردار دھماکا ہوا اور آگ کے شعلے آسمان چھونے لگے،حادثے کا سبب جہاز کی کٹائی کے دوران سلنڈر پھٹنا بتائی جا رہی ہے۔

حادثے میں زخمی مزدوروں کا کہنا ہے کہ آگ جہاز کے نچلے حصے میں لگی اور سکینڈوں میں پھیل گئی،کچھ جان بچانے کیلئے سمندر میں کود گئے،بعض کو انتہائی تشویشناک حالت میں جہاز  سے باہر نکالا گیا۔

زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال کراچی منتقل کیا گیا، زخمیوں میں کئی کی حالت تشویشناک ہے،گڈانی بلوچستان کی اس ساحلی پٹی پر واقع ہے جو کراچی کے قریب ہے اور یہ پاکستان کا واحد شپ بریکنگ یارڈ ہے۔

گڈانی شپ یارڈ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ایدھی نےکہا ہے کہ حادثے کے وقت ڈیڑھ سو کے لگ بھگ مزدور جہاز پر کام کر رہے تھے،صحیح تعداد کا تعین کرنا فی الوقت مشکل ہے،جہاز پر اب بھی دھماکے ہو رہے ہیں۔