ملک کو نواز اورزرداری جیسوں کانہیں اقبال کا پاکستان بنائیں گے،عمران خان
فائل فوٹواسلام آباد:تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو نواز شریف اور زرداری جیسوں کا نہیں بلکہ اقبال کا پاکستان بنائیں گے۔
یوم اقبال پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ یوم اقبال پر شاعر مشرق کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور علامہ اقبال کا فلسفہ خودی ترقی اور عروج کا ضامن ہے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ تحریک پاکستان کی طرح آج بھی علامہ کا پیغام پوری طرح مؤثر اور قابل عمل ہے اور علامہ اقبال نے اپنی دانش و حکمت سے فرد و ملت میں قائم لازوال ربط اجاگر کیا۔
انہوں نے کہا کہ شاعر مشرق نے کسمپرسی اور پست ہمتی کی شکار قوم کو جذبہ حریت سے ہمکنار کروایا اور غلامی و محکومی کی زنجیروں میں جکڑی قوم کو لذت خودی سے آشناکروایا۔
کپتان کا کہنا تھا کہ آج کے پاکستان کو اقبال کا دیس بنانے والوں کیلئے کلام اقبال کی جانب رجوع کرنا ہوگا اور نوجوانوں کو وطن عزیز کیلئے کارآمد بنانے کیلئے پیغام اقبال سے جوڑنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عزم کرتے ہیں کہ علامہ اقبال کے فلسفہ خودی کی روشنی میں پاکستان اور اس کے باشندوں کا وقار بحال کریں گے۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔