ہالی وڈ بیوٹی ایماواٹسن کے نئے انداز نے بھارتیوں کے دل چھولیے
ممبئی:ہیری پوٹر سیریز سے شہرت حاصل کرنے والی ہالی وڈ کی خوبرو اداکارہ ایما واٹسن نے بھارتی ویب سائٹ ہندوستان ٹائمز کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ بھارتی تہوار ہولی کی مبارک باد دیتی نظر آرہی ہیں۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق 27 سالہ اداکارہ بہت جلد اپنی نئی اور جادوئی مناظر سے بھرپور فلم 'بیوٹی اینڈ دی بیسٹ'میں نظرآئیں گی اور اسی فلم کی تشہیر کے سلسلے میں انہوں نے یہ ویڈیو شیئر کی ہے۔
تیس سیکنڈ کی اس ویڈیو کی ابتداء میں بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کے کچھ مناظر دکھائے گئے ہیں جس کے بعد اسکرین پر ایما سفید رنگ کے خوبصورت لباس میں نظر آئیں اور انہوں نے ہولی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس مارچ اپنے قریبی سینما گھروں میں بیوٹی اینڈ دی بیسٹ دیکھنا نہ بھولیں۔
انسائیڈر کے مطابق اپنے غیر ملکی مداحوں سے رابطہ کرنے کا یہ بہترین طریقہ ہے،ایما جانتی ہیں کہ انہیں بھارت میں بے حد پسند کیا جاتا ہے ،انہوں نے ہولی کے تہوار کا انتخاب اسی لیے کیا تاکہ وہ اپنے بھارتی مداحوں سے باآسانی رابطہ کرسکیں۔
واضح رہے کہ بیوٹی اینڈ دی بیسٹ کی کہانی ایک خوبصورت لڑکی اور نرم دل بھیڑئیے کے گرد گھومتی ہے،ایما فلم میں "بیلے"کا کردار نبھا رہی ہیں ،فلم رواں ماہ 17 مارچ کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔