Aaj News

ہفتہ, اپريل 27, 2024  
18 Shawwal 1445  

پاکستان ٹیم یو اے ای کنڈیشنز میں بہت مظبوط ہے، فرگیوسن

شائع 10 نومبر 2018 07:38am

lockie

ابوظہبی: گرین شرٹس اور کیویز کے درمیان کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ کرکٹ میچ میں پاکستان نے باآسانی 6 وکٹوں سے فتح سمیٹی۔

تفصیلات کے مطابق اس میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے تیز اور جارحانہ گیند بازی کرنے والے فاسٹ بولر لوکی فرگیوسن کا کہنا ہے کہ آج کے میچ میں پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی ہے۔

میچ کے اختتام پر ہونے والی پریس کانفرنس میں 3 وکٹیں حاصل کرنے والے کیوی فاسٹ بولر نے کہا کہ پاکستان ٹیم یو اے ای کی کنڈیشنز میں بہت مظبوط ہے، امید ہے تیسرے ون ڈے میچ میں دلچسپ مقابلہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج کے میچ میں پاکستان نے بہت اچھی کرکٹ کھیلی جبکہ گرین شرٹس نے کینگروز اور ہمارے خلاف ٹی 20 میں بھی شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ہے۔

پاکستانی بلے بازوں کے حوالے سے یہ بات مشہور ہے کہ وہ تیز شارٹ پچ گیندوں کو اتنا اچھا نہیں کھیلتے، فرگیوسن نے بھی اپنی تیز رفتار باؤنسرز سے پاکستانی بلے بازوں کو پریشان کئے رکھا اور امام الحق کو زخمی کرنے کے ساتھ ساتھ 3 بلے بازوں کو بھی پویلین روانہ کیا۔

واضح رہے پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ایک روزہ بین الاقوامی میچ میں 6 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سیریز 1-1 سے برابر کردی ہے جبکہ سیریز کا فائنل کل بروز اتوار شام 4 بجے دبئی کے میدان پر کھیلا جائے گا۔

پاکستان نے کیویز کے خلاف 2011 کے بعد سے اب تک کوئی سیریز نہیں جیتی ہے اور کل کے میچ میں نیوزی لینڈ کو شکست دے کر 7 سال سے زائد عرصے کے بعد تاریخ رقم کرسکتا ہے۔

Comments are closed on this story.

تبصرے

تبولا

Taboola ads will show in this div