امریکی فوجی اڈوں پر میزائل حملوں میں 80 فوجی ہلاک ہوئے،ایرانی میڈیا کا دعویٰ
فائل فوٹوتہران :جنرل قاسم سلیمانی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے ایران نے عراق میں 2امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کردیا،15بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔ایرانی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ میزائل حملوں میں 80فوجی ہلاک ہوئے۔
ایران نے القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت پر امریکا کے خلاف انتقامی کارروائی کرتے ہوئے آپریشن سلیمانی کا آغازکردیا۔
ایران نے عراق میں 2امریکی فوجی اڈوں پر زمین سے زمین پر مارکرنے والےبیلسٹک میزائل داغ دیئے ،فتح 110اور قائم ون بیلسٹک میزائلوں سے شمالی اور مغربی امریکی فوجی اڈوں عین الاسد اوراربیل کو مقامی وقت کے مطابق صبح 5:30بجے نشانہ بنایا گیا۔
ایرانی ٹی وی کے مطابق ،میزائل حملوں میں 80فوجی مارے گئے،میزائلوں کی حدود 186اور 500میل ہے۔
امریکی فوجیوں کوکسی صورت نہیں بخشا جائےگا،ایرانی پاسداران انقلاب
پاسداران انقلاب نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ امریکا نے جوابی کارروائی کی تو مزید شدت سے جواب دیا جائے گا۔
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کا کہنا ہے کہ عراق میں امریکی فوج پر حملہ بدلے کی شروعات ہے ،ہمارا کوئی بھی میزائل نہیں تباہ کیا گیا،امریکی فوجیوں کوکسی صورت نہیں بخشا جائےگا،اب بھی وقت ہے،امریکااپنی فوج خطے سے واپس بلالے۔
ایرانی کمانڈر کا مزید کہنا ہے کہ ایران اسرائیل کو امریکا سے الگ نہیں سمجھتا۔
کشیدگی یا جنگ نہیں چاہتے،ایران وزیرخارجہ
ایرانی وزیرخارجہ نے کہا کہ کشیدگی یا جنگ نہیں چاہتے،ایران نے اقوام متحدہ کے چارٹر51کےتحت اپنا دفاع کیا،اس فضائی اڈے کو نشانہ بنایا جہاں سے ایران کے خلاف بزدلانہ کارروائیاں کی جاتی تھیں۔
امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ امریکی ریڈار دوران پرواز میزائلوں کابروقت پتاچلانے میں کامیاب رہے تھے جس کے باعث امریکی فوجی محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے تھے۔
امریکی وزیر دفاع کا کہنا ہے ایران کو جواب دینے کا جائزہ لے رہے ہیں۔
دوسری جانب جنرل قاسم سیلمانی کی ہلاکت کے بعد امریکی اور ایرانی رہنما ءاپنے اپنے قومی پرچم شیئر کررہے ہیں۔















اس کہانی پر تبصرے بند ہیں۔