پنجاب: 200 یونٹ تک بجلی پر حکومتی امداد کیسے حاصل کریں، طریقہ جانیے

بجلی کے بل پر کیو آر کوڈ اسکین کریں اور اپنی سبسڈی بچائیں
اپ ڈیٹ 21 مئ 2026 04:19pm

پنجاب میں 200 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کے لیے ایک انتہائی اہم خبر سامنے آئی ہے جہاں حکومت نے بجلی کے بلوں میں سبسڈی کے نظام کو مزید شفاف بنانے، صارفین کی آسانی اور ریلیف کو اصل حق داروں تک پہنچانے کے بجلی بلوں پر ’کیو آر کوڈ‘ اور آگاہی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

حکومتِ پنجاب نے مستحق افراد کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت کی اعلان کردہ اسکیم کے تحت صوبے بھر میں بجلی کے بلوں پر ’کیو آر کوڈ‘ پرنٹ کرنا شروع کردیے ہیں۔ جس کا مقصد پنجاب کے پسماندہ صارفین کو آن لائن پورٹل پر تفصیلات کے اندراج میں آگاہی اور مدد فراہم کرنا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد سبسڈی نظام میں شفافیت اور بہتری لانا ہے تاکہ یہ ریلیف غلط فائدہ اٹھانے والوں کے بجائے صرف ان افراد تک پہنچ سکے جو واقعی اس کے حق دار ہیں۔ اس نئی مہم کے ذریعے ایک ہی گھر میں زائد میٹرز کے ذریعے بار بار سبسڈی لینے والوں کی حوصلہ شکنی ہوگی۔

پاور ڈویژن نے خبردار کیا ہے کہ جو صارفین اس اسکیم سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں ان کے لیے لازم ہے کہ وہ جلد از جلد تصدیق کا عمل مکمل کریں۔ اس ڈیجیٹل تصدیق کے عمل کو کافی آسان رکھا گیا ہے تاکہ ہر صارف گھر بیٹھے خود تصدیقی عمل مکمل کر سکے۔

آئیے جانتے ہیں کہ یہ اسکیم کیا ہے، اس کی اہلیت کا معیار کیا رکھا گیا ہے اور پنجاب بھر میں صارفین اس اسکیم سے کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟

یہ اسکیم کیا ہے؟

حکومتِ پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا ’کراس سبسڈی پروگرام 2026‘ بنیادی طور پر ایسے صارفین کے لیے بنایا گیا ہے جو پسماندہ طبقے سے تعلق رکھتے ہیں اور کم بجلی استعمال کرتے ہیں۔ اس اسکیم کا مقصد ہر صارف کو یکساں سبسڈی دینے کے بجائے اس ریلیف کو صرف مستحق خاندانوں تک پہنچانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت کم آمدن والے گھرانے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین، یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور وہ صارفین جو ماہانہ 200 یونٹس یا اس سے کم بجلی استعمال کرتے ہیں، ممکنہ طور پر رعایت حاصل کر سکتے ہیں۔

حکام کے مطابق اس اسکیم میں اپلائی کرنے کا طریقہ کار مکمل طور پر آن لائن ہے، جس میں صارف کے بجلی استعمال کرنے کے ریکارڈ، خاندانی معلومات اور سرکاری ڈیٹا کی جانچ کی جاتی ہے۔ تصدیق کے بعد اہل صارفین کو بجلی کے بلوں میں رعایت فراہم کی جاتی ہے۔

اسکیم کا حصہ کیسے بنیں؟

پنجاب بھر کے ایسے گھریلو صارفین جن کا ماہانہ استعمال صفر سے 200 یونٹ کے درمیان ہے، وہ اپنے بجلی کے بل پر چھپے ہوئے ’کیو آر کوڈ‘ کو اپنے اسمارٹ فون کے کیمرے یا کسی بھی ’کیو آر اسکینر ایپ‘ کے ذریعے اسکین کر سکتے ہیں۔

کوڈ اسکین کرتے ہی صارف کا فون انہیں براہِ راست حکومت کے آفیشل ’سی ایس ایس پی آئی ٹی سی پورٹل‘ پر لے جائے گا۔

اس پورٹل پر جانے کے بعد صارف کو اپنے بل پر موجود 14 ہندسوں کا ریفرنس نمبر اور اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر درج کرنا ہوگا۔ جس کے بعد موبائل نمبر پر ایک ون ٹائم پاس ورڈ یعنی ’او ٹی پی کوڈ‘ موصول ہوگا جس کے ذریعے صارف کا تصدیقی عمل مکمل ہو جائے گا۔

پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور مقامی یونین کونسل کی سطح پر ڈیجیٹل ڈیسک اور ہیلپ کیمپ قائم کردیے ہیں۔ یہ کیمپ اَن پڑھ یا اُن شہریوں کی مدد کے لیے قائم کیے گئے ہیں جن کے پاس اسمارٹ فون نہیں ہیں، تاکہ ان کا شناختی کارڈ اور بل کا ریفرنس نمبر پورٹل پر رجسٹر کیا جا سکے۔

پاور ڈویژن کے حکام کے مطابق یہ رجسٹریشن اور تصدیق کا عمل ایک مسلسل چلنے والی ضرورت ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ سرکاری ریلیف صرف مستحق گھرانوں تک ہی پہنچ رہا ہے۔

صارفین کو اس بات کا خاص خیال رکھنا ہوگا کہ بل پر جو نام درج ہے، وہ شناختی کارڈ کے نام سے مماثلت رکھتا ہو تاکہ تصدیق کے عمل میں کسی قسم کی تاخیر یا رکاوٹ نہ آئے۔

اگر کسی صارف کو بل پر موجود کوڈ اسکین کرنے میں کسی بھی وجہ سے مشکل کا سامنا ہو، تو وہ پریشان ہونے کے بجائے براہِ راست کراس سبسڈی پروگرام رجسٹریشن کے آفیشل ویب پیج پر جا کر بھی اپنے کوائف درج کروا سکتے ہیں اور اپنی بجلی کی سبسڈی کو برقرار رکھ سکتے ہیں۔